سندھ میں نہ گیس ہے نہ بجلی اور سرکاری اسپتالوں میں علاج کی سہولتیں ناپید ہو چکی ہیں: لیاقت جتوئی

دادو(رپورٹ: عابد ببر/ جانو ڈاٹ پی کے)دادو میں سابق وزیراعلیٰ سندھ اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے مرکزی رہنما لیاقت علی جتوئی نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی پر شدید تنقید کی۔
لیاقت جتوئی کا کہنا تھا کہ انہیں اس لیے نشانہ بنایا جا رہا ہے کیونکہ وہ عوام کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں نہ گیس ہے نہ بجلی اور سرکاری اسپتالوں میں علاج کی سہولتیں ناپید ہو چکی ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ نے سندھ کی تقسیم کی باتوں کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کے ٹکڑے کرنا ممکن نہیں، پہلے ہمیں تقسیم کریں پھر سندھ کو۔
لیاقت جتوئی نے الزام لگایا کہ عوام کو جھوٹے مقدمات میں پھنسایا جا رہا ہے اور فارم 47 کے ذریعے دھاندلی کر کے نمائندے مسلط کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ وڈیرا نہیں بلکہ نظریاتی سیاستدان ہیں اور اگر ان کی حکومت آئی تو نوکریاں مکمل میرٹ پر دی جائیں گی۔
لیاقت علی جتوئی کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اب بینظیر بھٹو کی جماعت نہیں رہی بلکہ زرداری لیگ بن چکی ہے، اور عوام کو اس ظالمانہ نظام سے نجات دلانا ناگزیر ہو چکا ہے۔



