کرکٹ کے بعد ٹینس بھی سیاست کی زد میں، آسٹریلین اوپن میں یوکرین اوربیلاروس کی کھلاڑیوں نے مصافحہ نہیں کیا

سڈنی(جانوڈاٹ پی کے)کرکٹ کے بعد ایک اور کھیل سیاست کی نذر ہوگیا اور حریف کھلاڑیوں سے مصافحہ نہ کرنے کا تنازع کرکٹ کے میدان کے بعد ے ٹینس کورٹ میں بھی پہنچ گیا۔

 آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں بیلاروس کی عالمی نمبر ایک کھلاڑی آرینا سبالینکا نے یوکرین کی ایلینا سویتلینا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی تاہم  میچ کا سب سے نمایاں پہلو دونوں کھلاڑیوں کے درمیان مصافحہ نہ ہونا تھا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق میچ سے قبل ہی یہ اعلان کردیا گیا تھا کہ مقابلے کے بعد دونوں کھلاڑی صافحہ نہیں کریں گی اور میچ کے اختتام پر واقعی دونوں کھلاڑی ایک دوسرے سے دور رہیں اور کوئی مصافحہ نہیں ہوا۔

یوکرینی کھلاڑی ایلینا سویتلینا یوکرین جنگ کے تناظر میں دیگر یوکرینی کھلاڑیوں کی طرح روس اور اس کے اتحادی ممالک کے کھلاڑیوں سے مصافحہ نہیں کرتیں۔

میچ سے قبل رسمی کارروائی اور تصاویر کے دوران بھی دونوں کھلاڑیوں کے درمیان فاصلہ رکھا گیا۔

سیاسی ماحول میں کھیلے گئے اس مقابلے میں ٓرینا سبالینکا نے بھرپور کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ جیت کے بعد انہوں نے ایلینا سویتلینا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’میں جیت پر خوش ہوں، وہ ایک سخت حریف ہیں اور پورے ہفتے شاندار ٹینس کھیلتی رہیں‘۔

دوسری جانب ایلینا سویتلینا نے کہا کہ اپنے ملک یوکرین کی صورتحال کے مقابلے میں یہ شکست معمولی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ  ’یوکرین میں لوگ نہایت خوفناک حالات میں زندگی گزار رہے ہیں، اس لیے مجھے زیادہ افسردہ ہونے کا حق نہیں‘۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی میچز کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ مصافحہ کرنے سے انکار کرتے رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button