ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان نے بچے کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کر دیا

ڈپٹی کمشنر سکھر کی زیرِ صدارت پولیو کے خاتمے کی مہم کا اہم اجلاس منعقد

سکھر(جانو ڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان کی زیرِ صدارت پولیو کے خاتمے کی مہم کا ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سکھر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں 2 فروری سے شروع ہونے والی چار روزہ پولیو مہم کے لیے مائیکرو پلان کو اپ ڈیٹ کر کے ہر صورت اس پر عملدرآمد کیا جائے، اور مہم کو بہتر انداز میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے لیے اگر کسی قسم کی مدد درکار ہو تو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے تاکہ اسے دور کیا جا سکے۔ اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا کمی برداشت نہیں کی جائے گی، اور جو بھی اس مہم میں غفلت برتے گا اس کے خلاف کارروائی کے لیے چیف سیکریٹری کو بھی لکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ مہم میں جو یو سی ایم اوز یا دیگر عملہ ڈیفالٹر رہا ہے، انہیں اس مہم میں شامل نہ کیا جائے۔ تمام پولیو ٹیموں کو تربیت بھی فراہم کی جائے۔ مہم کے دوران پلان بی تیار کیا جائے تاکہ اگر کسی وجہ سے کوئی ٹیم مقررہ جگہ نہ پہنچ سکے تو متبادل ٹیم بھیج کر اہداف پورے کیے جا سکیں۔ ڈپٹی کمشنر سکھر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس 36 ٹیم مانیٹرز ہیں، اس لیے چار یوسیز پر ایک ٹیم مانیٹر مقرر کیا جائے تاکہ پولیو مہم کی بہتر سے بہتر نگرانی کی جا سکے۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے محکمہ صحت کے ڈاکٹر وقار نے بتایا کہ پولیو کے خاتمے کی یہ مہم 2 فروری سے 5 فروری 2026 تک جاری رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے دوران سکھر ضلع کے 3 لاکھ 25 ہزار 686 پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اجلاس میں اے ڈی سی ٹو سکھر بشریٰ منصور، تمام تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ایچ او ہیلتھ علی گل شاہ، سی ایم اوز، پی پی ایچ آئی، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے، پولیس، ایجوکیشن اور دیگر تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کے بعد ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان نے بچے کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔

مزید خبریں

Back to top button