بسنت فیسٹیول: خطرناک ڈور کے استعمال اور ہوائی فائرنگ پر زیرو ٹالرنس، 12 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر بسنت فیسٹیول کے دوران شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور نے 6 سے 8 فروری تک منعقد ہونے والے پتنگ بازی فیسٹیول کے لیے باقاعدہ ضابطۂ اخلاق جاری کر دیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ضابطۂ اخلاق کے تحت لاہور بھر میں تمام مقامات، عمارتوں اور چھتوں پر حفاظتی گائیڈ لائنز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ پتنگ بازی ایکٹ اور سیفٹی رولز کی خلاف ورزی پر بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

ضابطۂ اخلاق کے مطابق ضلعی افسران اور پولیس کو چھتوں اور دیگر مقامات کا معائنہ کرنے کے اختیارات تفویض کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی غیر محفوظ جگہ پر پتنگ بازی فوری طور پر روکی جا سکے۔ شہریوں کے تحفظ کے لیے 12 نکاتی سخت ضابطہ جاری کیا گیا ہے جس میں خطرناک ڈور، ہوائی فائرنگ اور دیگر جان لیوا سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت شامل ہے۔

انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ دھاتی، کیمیائی اور نیلون ڈور کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ موٹر سائیکلوں پر سیفٹی راڈز کی تنصیب کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ ہوائی فائرنگ، بلند آواز ساؤنڈ سسٹمز اور عوامی سکون میں خلل ڈالنے والی سرگرمیوں پر بھی سخت پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ایئرپورٹ اور حساس تنصیبات کے قریب پتنگ بازی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

ضابطۂ اخلاق میں چھتوں کے مالکان کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مناسب حفاظتی انتظامات یقینی بنائیں، کسی بھی حادثے کی صورت میں ذمہ داری براہِ راست مالکان پر عائد ہوگی، جبکہ غیر محفوظ چھتوں کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ ثقافتی تہوار کو محفوظ بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور خطرناک ڈور کی خرید و فروخت کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button