پشاور چھوڑ کر جارہا ہوں مگر دفن اسی مٹی میں ہونگا

پشاور (جانوڈاٹ پی کے) بزرگ سیاستدان حاجی غلام احمد بلور نے 86 سال کی عمر میں انتخابی سیاست سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔ بلور ہاوس میں پریس کانفرنس کے دوران سابق وفاقی وزیر غلام احمد بلور نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے میری عمر کا لحاظ نہیں کیا اور میری جیتی ہوئی سیٹ پر مجھے ہرایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ملک و قوم کے لیے 55 سال سیاست کی، مگر اسٹیبلشمنٹ کو نہ بکنے اور نہ جھکنے والے رہنما چاہیے، اسی وجہ سے انہیں تین بار ہرایا گیا۔ اے این پی رہنما نے کہا کہ ملک نے بھارت کو جنگی میدان میں تو شکست دی، لیکن معاشی محاذ پر پیچھے ہے، اور اس میں حکمرانوں سمیت تمام سیاسی جماعتیں سوچیں۔

بلور نے 18ویں ترمیم پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ قرارداد مقاصد کی طرح ہے اور اگر اسے چھیڑا گیا تو ملک کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنی نشست پر الیکشن لڑنے والے کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ ایک مضبوط پارٹی چھوڑ کر اور پشاور چھوڑ کر جا رہے ہیں، لیکن اسی مٹی میں دفن ہوں گے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ وہ انتخابی سیاست سے دستبردار ہو رہے ہیں، لیکن سیاست نہیں چھوڑ رہے، اور اب اسلام آباد منتقل ہو رہے ہیں کیونکہ پشاور میں اکیلے رہنا ممکن نہیں۔

مزید خبریں

Back to top button