امریکا میں شدید سردی اور برفباری، ہلاکتیں 65 تک پہنچ گئیں، پروازیں منسوخ

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا میں شدید برفباری اور ٹھنڈ کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 65 تک پہنچ گئی ہے۔
امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق شدید سردی کی لہر اگلے ہفتے تک برقرار رہنے کا امکان ظاہر ہے، جبکہ نیو یارک اور نیو جرسی میں شدید سرد ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
شکاگو میں درجہ حرارت منفی 14، کلیولینڈ میں منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ٹینیسی اور مسیسپی میں شدید برفباری کے باعث ایک لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہوگئے۔
طوفان کے بعد فضائی سفر بھی بدستور متاثر رہا، امریکا کے مختلف ایئرپورٹس پر سینکڑوں کی تعداد پروازیں منسوخ کر دی گئیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں امریکن ایئر لائنز کی 653 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ ایک ہزار 77 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق حکام کی جانب سے امریکی ایئر لائنز کی عملے کو اضافی شفٹس کرنے پر ڈبل تنخواہ کی پیشکش کی گئی ہے۔



