وزیراعظم نے نہروں کے معاملے پر اہم اجلاس آج طلب کرلیا

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نہروں کے معاملے پر مشاورت کے لیے آج ایک اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس وزیراعظم کی زیر صدارت ہوگا، جس میں مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے سابقہ فیصلے کی روشنی میں نہروں کے معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ شریک ہوں گے، جبکہ وزارت آبی وسائل کے اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی، وفاقی وزیر اقتصادی امور اور اٹارنی جنرل کو بھی اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی نہروں کے معاملے پر پیپلز پارٹی کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کیا جا چکا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال وزیراعظم کی زیر صدارت سی سی آئی نے اتفاقِ رائے نہ ہونے کی بنیاد پر نئی نہروں کی تعمیر روکنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے تحت صوبوں کے درمیان باہمی اتفاق پیدا ہونے تک کوئی نئی نہر تعمیر نہ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

سی سی آئی کے فیصلے میں واضح کیا گیا تھا کہ وفاقی حکومت صوبوں کے درمیان اتفاق رائے کے بغیر اس معاملے میں آگے نہیں بڑھے گی۔ سٹریٹجک اہمیت کی حامل مجوزہ نہروں میں تھر کینال، رینی کینال، چولستان کینال، گریٹر تھر کینال، کچھی کینال اور چشمہ رائٹ بینک کینال شامل ہیں، جن کی بیک وقت تعمیر کی ضرورت پر صدرِ مملکت کو بھی بریفنگ دی جا چکی ہے۔

ان نہروں کی تعمیر کو ملکی فوڈ سکیورٹی میں اضافے اور زرعی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button