کولمبیا میں طیارہ تباہ، 15 افراد ہلاک، کانگریس رکن بھی شامل

بگوٹا (مانیٹرنگ ڈیسک)کولمبیا میں 15 افراد کو لے جانے والا لاپتا طیارہ پہاڑی علاقے سے برآمد کر لیا گیا ہے، تاہم حادثے میں سوار تمام مسافر جان کی بازی ہار گئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق کولمبیا کی فضائیہ کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں کولمبیا کی کانگریس کا ایک نمائندہ بھی سوار تھا۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایئر ٹریفک کنٹرول حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کا لینڈنگ سے کچھ دیر قبل کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا، جس کے بعد یہ بگوٹا کے قریب ایک دشوار گزار پہاڑی علاقے میں لاپتا ہو گیا تھا۔



