سکھر:لالا اسد پٹھان اور سینئر صحافیوں کا عمرہ سے واپسی پر کراچی میں شاندار استقبال

سکھر (جانوڈاٹ پی کے)پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے مرکزی رہنماء اور فنانس سیکرٹری، قائدِ صحافت لالا اسد پٹھان اور سکھر پریس کلب سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافیوں کا عمرہ کی سعادت ادا کرنے کے بعد کراچی پہنچنے پر شاندار اور والہانہ استقبال کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی پہنچنے پر خالد بھابھن، جاوید جتوئی، سید احقر شاہ، انس گھانگرو، سلیم سہتو، اسحاق کھوسو، شفیع ابڑو، آصف اعوان سمیت دیگر تمام سکھر پریس کلب سے وابستہ صحافی دوستوں کا بھی پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر حب پریس کلب کے صدر محمد الیاس کمبوہ، سیفما چیپٹر سکھر صدر  عبدالحمید کمبوہ،  سکھر یونین آف جرنلسٹس کے سیکریٹری جنرل کامران شیخ ، فنانس سیکرٹری کاشف پھلپوٹو، اسلم دایو، نسیم شیخ اورنگزیب ماکو سمیت دیگر صحافتی برادری اور عزیز و اقارب کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے تمام دوستوں کو پھولوں کے خوبصورت گلدستے پیش کیے، ہار پہنائے اور عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔استقبالیہ موقع پر شرکاء کا کہنا تھا کہ عمرہ کی سعادت ہر مسلمان کے لیے باعثِ سعادت اور روحانی خوشی کا لمحہ ہے، اور صحافی برادری کے ان رہنماؤں اور ساتھیوں کی سلامتی کے ساتھ واپسی ہم سب کے لیے خوشی کا باعث ہے۔ شرکاء نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی عبادات کو قبول فرمائے اور انہیں مزید توفیق عطا کرے۔قائدِ صحافت لالا اسد پٹھان نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے استقبال کرنے والے تمام دوستوں، ساتھی صحافیوں اور احباب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ صحافتی برادری کا یہ پیار، محبت اور اتحاد ہی ہماری اصل طاقت ہے۔ انہوں نے ملک میں صحافت کے فروغ، صحافیوں کے حقوق اور اتحاد کے لیے مل کر جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جہاں خیر و عافیت، اتحاد اور صحافتی اقدار کے فروغ کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

مزید خبریں

Back to top button