صدرزرداری کی متحدہ عرب امارات کے نائب صدر،وزیرِ اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات

دبئی(جانو ڈاٹ پی کے)صدرآصف علی زرداری کی متحدہ عرب امارات کے نائب صدر،وزیرِ اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات،دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا،صدر مملکت نے شیخ محمد بن راشد المکتوم کو دبئی کے حکمران کی حیثیت سے دو دہائیوں پر محیط قیادت پر مبارکباد دی۔صدر آصف علی زرداری نے دبئی کی سیاحت، مالیات اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے عالمی مرکز کے طور پر غیر معمولی ترقی کو سراہا۔دونوں فریقین نے دبئی کے ترقیاتی تجربات سے استفادہ کرنے پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا۔ملاقات میں بندرگاہوں، لاجسٹکس، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کے شعبوں میں تعاون کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔صدرِ مملکت نے پاکستان میں جاری اقتصادی اصلاحات بالخصوص سرمایہ کاری میں سہولت کاری اور نجکاری پر روشنی ڈالی۔صدر مملکت نے دبئی کےحکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

صدر نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی برادری کے عوامی سطح پر تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔ملاقات میں خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری،چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیرداخلہ سید محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button