رمضان نگہبان پیکج 47 ارب روپے کا، 42 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے، عظمیٰ بخاری

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ رواں برس رمضان نگہبان پیکج 47 ارب روپے پر مشتمل ہے جس کے تحت 42 لاکھ مستحق خاندان رمضان نگہبان کارڈ کے ذریعے امداد حاصل کریں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی فلاحی منصوبوں سے لاکھوں افراد کو براہِ راست فائدہ پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب، رمضان نگہبان پیکج، فیلڈ ہسپتال اور دیگر منصوبے حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ رمضان میں مستحق خاندانوں کو 10 ہزار روپے کے پے آرڈر گھروں تک پہنچائے گئے تھے، جبکہ اس سال رمضان نگہبان کارڈز کی پرنٹنگ مکمل ہو چکی ہے اور یہ کارڈز رمضان المبارک سے قبل مستحق افراد کو فراہم کر دیے جائیں گے۔ رواں سال 42 لاکھ خاندان اس پیکج سے مستفید ہوں گے۔

وزیر اطلاعات کے مطابق 5 فروری کے بعد پنجاب حکومت کے پاس تمام شہریوں کا مکمل ڈیٹا دستیاب ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جن افراد کی ماہانہ آمدن 45 ہزار روپے سے کم ہے انہیں فہرست میں شامل کیا گیا ہے، اس مقصد کے لیے مردم شماری کی طرز پر گھر گھر سروے کیا گیا۔

عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ گزشتہ سال 30 لاکھ خاندانوں کو رمضان نگہبان پیکج دیا گیا تھا، جبکہ اس سال مستحق خاندانوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے ورکرز کو بھی رمضان نگہبان کارڈ فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال رمضان المبارک میں نگہبان دسترخوان اور ’’مریم کے مہمان‘‘ پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت پنجاب کی ہر تحصیل میں دسترخوان لگائے جائیں گے اور کم از کم 2 ہزار افراد کو معیاری افطاری فراہم کی جائے گی۔

وزیر اطلاعات کے مطابق سہولت بازاروں میں اشیائے خورونوش مارکیٹ سے 10 سے 15 روپے کم قیمت پر دستیاب ہیں، پنجاب کے 30 اضلاع میں 65 سہولت بازار فعال ہو چکے ہیں اور رواں سال یہ سہولت گزشتہ برس کے مقابلے میں مزید بہتر ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے تمام اقدامات عوامی مفاد کے لیے ہیں، نہ کہ پارٹی سیاست کے لیے۔ عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ تحصیل کی سطح پر 1500 مزید الیکٹرک بسوں کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ رمضان المبارک میں منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں اور کسی کو ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ لیبر کلاس کے راشن کارڈ میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

گلبرگ پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے پر بات کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومت نے صرف پانچ منٹ میں ریسپانس دیا، بروقت کارروائی نہ ہوتی تو بڑا سانحہ پیش آ سکتا تھا، تاہم حکومتی اقدامات سے قیمتی جانوں اور املاک کو محفوظ بنایا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button