پسماندہ اضلاع سے ترقی کا آغاز، عوامی خدمت کے سفر کو تیز کریں گے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا اور ترقی کے ثمرات صوبے کے پسماندہ اور چھوٹے اضلاع تک پہنچائے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سے میانوالی سے تعلق رکھنے والے ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں علی حیدر نور خان، عبید اللہ خان شادی خیل، امانت اللہ خان شادی خیل، عدیل عبد اللہ خان رخڑی، ملک فیروز جوئیہ اور ملک سجاد خان بھچڑ شامل تھے۔ ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال، پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر ارکانِ اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو امام مسجد کے لیے اعزازیہ کارڈ کے اجرا پر خراجِ تحسین پیش کیا اور صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کے اقدام کو سراہا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سرگودھا کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ سے ضلع میانوالی کے امراضِ قلب کے مریض بھی مستفید ہو سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ترقیاتی منصوبوں کا آغاز پسماندہ اور چھوٹے اضلاع سے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ عوامی خدمت کے مشن کو مزید رفتار دی جائے گی اور ’’ستھرا پنجاب پروگرام‘‘ کو دنیا کا سب سے بڑا ویسٹ مینجمنٹ پروگرام بنایا جا رہا ہے۔

وفد نے میانوالی میں پہلی پبلک ٹرانسپورٹ الیکٹرک بس فراہم کرنے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ ارکانِ اسمبلی کا کہنا تھا کہ میانوالی کے عوام کے لیے الیکٹروبس کا منصوبہ کسی معجزے سے کم نہیں، جبکہ بیوٹیفکیشن اور ستھرا پنجاب منصوبوں سے شہر کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button