ایران کی جانب امریکی بحری بیڑہ روانہ، ڈیل کی امید ہے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا کا ایک بحری بیڑہ ایران کی جانب پیش قدمی کر رہا ہے، تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایران کشیدگی بڑھانے کے بجائے امریکا کے ساتھ معاہدہ کر لے گا۔

امریکی صدر نے ریاست آئیوا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جون میں ایران کی جوہری صلاحیت کو مؤثر طور پر ختم کر دیا گیا تھا اور اس فوجی کارروائی کے دوران کسی بھی شہری کی جان نہیں گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اپنی سیکیورٹی اور مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہا ہے۔

صدر ٹرمپ نے داخلی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت نے امریکی سرحدوں کو مکمل طور پر محفوظ بنا دیا ہے اور غیر قانونی تارکین وطن کے لیے سرحدیں بند کر دی گئی ہیں۔ ان کے مطابق امریکا سرمایہ کاری کے لحاظ سے دنیا کا نمبر ون ملک بن چکا ہے، جبکہ فوج، پولیس اور فائر ڈیپارٹمنٹ میں ریکارڈ سطح پر بھرتیاں جاری ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا میں اس وقت 18 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری آ رہی ہے، جبکہ سابق صدر جو بائیڈن کے چار سالہ دور میں صرف ایک ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری ہو سکی تھی۔ صدر ٹرمپ کے مطابق ایک سال قبل امریکا شدید مہنگائی کی لپیٹ میں تھا، تاہم اب معیشت مستحکم ہو چکی ہے اور مہنگائی میں نمایاں کمی آئی ہے۔

امریکی صدر نے تجارتی پالیسیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فرانس نے قیمتیں کم کرنے سے انکار کیا تو ٹیرف بڑھانے کی دھمکی دی گئی، جس پر فرانسیسی قیادت نے فوری طور پر مؤقف تبدیل کر لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج امریکا کو عالمی سطح پر وہ عزت اور وقار حاصل ہے جو ماضی میں کبھی نہیں تھا۔

صدر ٹرمپ نے مزید بتایا کہ چین امریکا سے 40 ارب ڈالر مالیت کی سویا بین خریدنے پر آمادہ ہو گیا ہے، جبکہ ٹیرف سے حاصل ہونے والی رقم سے امریکی کسانوں کو 12 ارب ڈالر کا پیکج دیا گیا۔ ان کے مطابق جاپان، برطانیہ اور آسٹریلیا امریکا میں تاریخی سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

خطاب کے اختتام پر امریکی صدر نے اعلان کیا کہ وہ آئیوا میں مڈ ٹرم انتخابات کی مہم کا باقاعدہ آغاز کرنے آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وسط مدتی انتخابات میں ناکامی ہوئی تو امریکا کو سنگین نقصانات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button