کراچی کے مختلف علاقوں میں شہر کو وفاق یا فوج کے حوالے کرنے کی وال چاکنگ، فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) شہر کے مختلف علاقوں میں کراچی کو وفاق یا فوج کے حوالے کرنے کے مطالبات پر مبنی وال چاکنگ سامنے آئی ہے، جس کے بعد سیاسی اور انتظامی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب نامعلوم افراد نے لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد اور حیدری مارکیٹ سمیت مختلف علاقوں میں دیواروں پر نعرے تحریر کیے۔ وال چاکنگ میں لکھا گیا کہ “کراچی کو فوج کے حوالے کیا جائے” اور “کراچی کو وفاق کے حوالے کیا جائے”۔

ذرائع کے مطابق وال چاکنگ کرنے والے افراد نے اپنی سرگرمیوں کی ویڈیوز بھی ریکارڈ کر کے سوشل میڈیا پر وائرل کر دی ہیں، جس کے بعد معاملہ مزید توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ تاہم پولیس یا انتظامیہ کی جانب سے تاحال کسی گرفتاری یا باضابطہ بیان کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے 18ویں آئینی ترمیم کو غلط قرار دیتے ہوئے کراچی کو وفاق کے زیرِ انتظام دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے گل پلازہ آتشزدگی کے واقعے پر سندھ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا۔
وفاقی وزیر کے بیان پر سندھ حکومت کی جانب سے سخت ردِعمل سامنے آیا تھا، جہاں صوبے کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے مصطفیٰ کمال کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے سخت جواب دیا تھا۔ موجودہ وال چاکنگ کے واقعے کو اسی سیاسی تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔


