سکھر: پولیس نے واردات کی کوشش کو ناکام بنادی،فائرنگ کے تبادلے میں ڈاکو فرار،2اہلکار زخمی

سکھر(جانوڈاٹ پی کے)سکھر پولیس نے ڈاکووں کی واردات کی کوشش ناکام بنا دی اور ملزمان کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔ واقعہ تھانہ بی سیکشن کی حدود، انور پراچہ ہسپتال کے قریب پیش آیا، جہاں واردات کے ارادے سے کھڑے ڈاکوؤں سے پولیس مقابلہ ہوا۔

پولیس کی جوابی اور مؤثر فائرنگ کے نتیجے میں ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ اس دوران دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے، جن میں پولیس کانسٹبل محمد علی ابڑو اور پولیس کانسٹبل نزاکت بھٹو شامل ہیں۔ زخمی اہلکاروں کو فوری ابتدائی طبی امداد کے لیے ضیاء الدین اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

واقعہ کے بعد ایس ایس پی سکھر اظہر خان بھی ضیاء الدین اسپتال پہنچے اور زخمی اہلکاروں کی عیادت کر کے ان کو حوصلہ دیا۔ ایس ایس پی سکھر نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں آپریشن جاری ہے اور واقعے میں ملوث مجرموں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دلائی جائے گی۔

اظہر خان نے مزید کہا کہ سکھر پولیس اسٹریٹ کرمنلز اور کچے کے ڈاکووں کے خلاف جنگ جاری رکھے گی تاکہ عوام کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button