سکھر: سول ہسپتال میں سکیورٹی اور نظم و ضبط کیلئے ایم ایس اور اسسٹنٹ ایم ایس فیلڈ میں موجود،گارڈز کو تفصیلی بریفنگ دی

سکھر (جانوڈاٹ پی کے)او پی ڈی اوقات کے دوران سول اسپتال سکھر میں سیکیورٹی اور نظم و ضبط کو مؤثر بنانے کے لیے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر احمد مجتبی اور اسسٹنٹ ایم ایس ڈاکٹر زاہد ملک خود فیلڈ میں موجود رہے اور انتظامی امور کا عملی جائزہ لیا۔ اس موقع پر دونوں افسران نے اسپتال میں تعینات سیکیورٹی گارڈز کو تفصیلی اور مؤثر بریفنگ دی۔ایم ایس ڈاکٹر احمد مجتبی نے سیکیورٹی عملے کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ڈیوٹی کے دوران ہر وقت الرٹ رہیں، اسپتال آنے والے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کے ساتھ خوش اخلاقی اور تعاون کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری ردِعمل یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سول اسپتال میں روزانہ بڑی تعداد میں مریض علاج کی غرض سے آتے ہیں، ایسے میں سیکیورٹی اور نظم و ضبط کی بہتری مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔اسسٹنٹ ایم ایس ڈاکٹر زاہد ملک نے سیکیورٹی گارڈز کو اسپتال کے داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، ایمبولینسز اور ہنگامی مریضوں کو فوری راستہ فراہم کرنے اور غیر ضروری ہجوم کو کنٹرول کرنے کی واضح ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے زور دیا کہ او پی ڈی کے اوقات میں نظم و ضبط برقرار رکھنا نہایت ضروری ہے تاکہ مریضوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔دونوں افسران نے اسپتال کے مختلف حصوں کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ بھی لیا اور سیکیورٹی عملے کو ہدایت کی کہ کسی بھی شکایت یا مسئلے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ افسران کو آگاہ کیا جائے۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق ان اقدامات کا مقصد سول اسپتال سکھر میں آنے والے مریضوں کو محفوظ، پُرامن اور منظم ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ علاج معالجے کا عمل بہتر انداز میں جاری رکھا جا سکے۔



