افغان طالبان کی ایک ہی روز میں 36 افراد کو سرعام کوڑے مارنے کی سزا

کابل(جانوڈاٹ پی کے)افغان طالبان کی سپریم کورٹ نے اعلان کیا ہے کہ صوبہ خوست میں ایک ہی روز کے دوران کم از کم 36 افراد کو سزا کے طور پر سرِعام کوڑے مارے گئے۔
عدالت کے بیان کے مطابق سزا پانے والے افراد کو 10 سے 39 کوڑے لگائے گئے جبکہ انہیں ایک سے 2 سال قید کی سزا بھی سنائی گئی۔
افغان میڈیا کے مطابق افغان سپریم کورٹ نے 23 جنوری کو ایک بیان میں کہا تھا کہ ماتحت عدالتوں نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں کم از کم 31 افراد کو مختلف الزامات میں کوڑے مارے، یہ سزائیں کابل، فاریاب، بلخ، ننگرہار اور ہرات میں دی گئیں۔
طالبان حکام اس سے قبل بتا چکے ہیں کہ سال 2025 کے دوران افغانستان بھر میں مختلف الزامات کے تحت کم از کم 6 افراد کو سزائے موت دی گئی جبکہ ایک ہزار 118 افراد کو کوڑے مارے گئے۔



