حکومت سندھ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے،علی حسن زرداری

ٹھٹھہ(رپورٹ:جاوید لطیف میمن/نمائندہ جانوڈاٹ پی کے)صوبائی وزیر برائے ورکس اینڈ سروسز و جیل خانہ جات سندھ علی حسن زرداری،صوبائی وزیر سید ریاض حسین شاہ شیرازی کی دعوت پر شیرازی ہاؤس ٹھٹھہ پہنچے۔صوبائی وزیر برائے ورکس اینڈ سروسز و جیل خانہ جات سندھ علی حسن زرداری، صوبائی وزیر سید ریاض حسین شاہ شیرازی کی دعوت پر شیرازی ہاؤس ٹھٹھہ پہنچے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر علی حسن زرداری کی سابق ضلع ناظم سید شفقت حسین شاہ شیرازی سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران ضلع ٹھٹھہ اور ضلع سجاول کو درپیش اہم عوامی مسائل، خصوصاً پانی کی قلت، زراعت کو درپیش مشکلات اور ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران صوبائی وزیر علی حسن زرداری نے کہا کہ حکومت سندھ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور ٹھٹھہ و سجاول جیسے اضلاع میں پانی کی قلت ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے، جسے فوری بنیادوں پر حل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے محکمہ ایریگیشن کے افسران کو سختی سے ہدایت دی کہ ضلع ٹھٹھہ اور ضلع سجاول میں پانی کی شارٹیج کو فوری طور پر ختم کیا جائے، نہری نظام کو بہتر بنایا جائے اور زمینداروں سمیت شہری آبادی کو پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ صوبائی وزیر نے افسران کو ہدایت کی کہ پانی کی تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
سابق ضلع ناظم سید شفقت حسین شاہ شیرازی نے اس موقع پر ضلع ٹھٹھہ اور سجاول کے مختلف علاقوں میں جاری مسائل سے صوبائی وزیر کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پانی کی قلت کے باعث کاشتکار شدید مشکلات کا شکار ہیں اور اس مسئلے کے حل کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
صوبائی وزیر سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے کہا کہ دونوں اضلاع کے عوام کے مسائل کا حل حکومت سندھ کی ذمہ داری ہے اور مشترکہ کوششوں سے ان مسائل پر قابو پایا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ محکمہ ایریگیشن کی جانب سے فوری اقدامات کے بعد صورتحال میں بہتری آئے گی۔
آخر میں صوبائی وزیر علی حسن زرداری نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت سندھ عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور ٹھٹھہ و سجاول کے عوام کو جلد ریلیف فراہم کیا جائے گا



