وزیراعلیٰ پنجاب نے47ارب روپے کے رمضان نگہبان پیکج کی منظوری دیدی
ضلعی انتظامیہ متعلقہ علاقوں میں گھر گھر جا کر وزیراعلیٰ پنجاب رمضان نگہبان کارڈ فراہم کرے گی

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیرصدارت رمضان کی پیشگی تیاریوں اورعوامی ریلیف کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس دوران مریم نوازنے سی ایم راشن کارڈ،نگہبان دسترخوان، سہولت بازار اور دیگر انتظامی امورکی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر نادرا نے رمضان المبارک شروع ہونے سے قبل ہی پنجاب میں 47 ارب روپےکا بڑا ریلیف پیکج تیار کر لیاہے ۔ نگہبان کارڈ، راشن کارڈ، ہر تحصیل میں مریم نواز کا دسترخوان اور سہولت بازار ہوں گے۔ پنجاب کے 42 لاکھ مستحق خاندانوں کو 10 ، 10 ہزار روپے ملیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں 42 لاکھ خاندانوں، ایک کروڑ افراد کے لیے 47 ارب کا خطیرریلیف پیکج تیار کیا گیاہے ، پنجاب کے 42 لاکھ مستحق خاندانوں کو 10 ، 10 ہزار روپے ملیں گے، پنجاب حکومت کی جانب سے اس رمضان میں شہریوں کو نگہبان کارڈز مہیا کیے جائیں گے۔ امداد کے لیے بھٹکنا نہیں پڑے گا رمضان نگہبان کارڈ کے ذریعے کیش کے علاوہ دیگر ضروری اشیاء بھی خریدنے کی سہولت میسر ہو گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہناتھا کہ کوئی بھی مستحق خاندان رمضان میں تنہا محسوس نہ کرے، دکھ سکھ میں غریب عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے، صاحب ثروت افراد کو اپنے اردگرد موجود مستحق لوگوں کو کھانا کھلانا چاہیے، لوگوں کی خدمت کر کے رمضان المبارک میں دنیا اور آخرت سنواری جائے گی، حدیث کامفہوم ہے روز قیامت عبادت گزار پیچھے اور اچھے اخلاق والے آگے ہوں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ خدمت کے جذبے کے ساتھ فرائض سرانجام دیئے جائیں تواللہ تعالیٰ راضی ہوتا اور رزق بڑھتا ہے، اللہ تعالیٰ کی مخلوق کی خدمت کی ذمہ داری میری ہی نہیں بلکہ ہرکمشنر، ڈی سی اور ہرافسر کی ہے، رمضان المبارک میں مخلوق کی خدمت میں کسرنہ چھوڑنے کا عہد کریں۔



