لاڑکانہ: چانڈکا میڈیکل اور بی بی آصفہ ڈینٹل کالج میں وائٹ کوٹ تقریب کا انعقاد

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ میں چانڈکا میڈیکل کالج کی 54ویں اور بی بی آصفہ ڈینٹل کالج کی 15ویں بیچ کے نئے طلبہ کے لیے وائٹ کوٹ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نصرت شاہ نے کی اور اس موقع پر نئے طلبہ کا فیکلٹی سے تعارف کروایا گیا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نصرت شاہ نے طلبہ سے حلف لیا اور کہا کہ چانڈکا میڈیکل کالج شہید ذوالفقار علی بھٹو کا دیا ہوا تحفہ اور یہ یونیورسٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھی۔ انہوں نے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ طب کے پیشے کا انتخاب اور اس معزز ادارے میں داخلہ آپ کے لیے ایک اعزاز ہے۔
پرنسپل چانڈکا میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر شاہد حسین سومرو نے نصاب اور تدریسی طریقۂ کار کے بارے میں طلبہ کو آگاہ کیا اور کہا کہ یہاں 20 شعبے فعال ہیں اور 53 سالہ سفر کے بعد کالج نے خود کو بہترین میڈیکل ادارہ ثابت کیا ہے۔ پرنسپل بی بی آصفہ ڈینٹل کالج پروفیسر ڈاکٹر قائم الدین شیخ نے طلبہ کو وقت کی قدر کرنے کی نصیحت کی۔
تقریب میں وائٹ کوٹ پہننے کے بعد اضلاع کی سطح پر بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ چانڈکا میڈیکل کالج کے ٹاپ طلبہ میں لاڑکانہ سے امِ فروا، محمد عثمان اور رامین، ضلع قمبر شہدادکوٹ سے عائشہ طاہرین، خدابخش برڑو اور رفیعہ شامل تھے، جبکہ بی بی آصفہ ڈینٹل کالج کے ٹاپ 10 طلبہ میں عبدالرحمان، ثمیر احمد، کرن، غلام قادر، فرمان علی، عصمہ ماہَم، امیر حیدر، سہیل عباس، عبدالمالک اور نائلہ پروین شامل تھے۔
تقریب میں فیکلٹی، والدین اور دیگر افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔



