لاڑکانہ: اسکول میں چوری کے خلاف اساتذہ اور طلبہ کا تھانے میں انوکھا احتجاج

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) قمبر شہدادکوٹ کی تحصیل نصیرآباد میں انوکھا احتجاج سامنے آیا جہاں سرکاری اسکول کے اساتذہ اور طلبہ نے احتجاجاً تھانے کے اندر کلاسز لگا لیں۔ گورنمنٹ مین پرائمری اسکول کے بچوں اور بچیوں نے تھانہ نصیرآباد کے احاطے میں زمین پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کی، جس کا مقصد اسکول میں ہونے والی چوری کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانا تھا۔

تفصیلات کے مطابق اسکول سے 15 روز قبل سولر سسٹم، بیٹریاں اور دیگر قیمتی سامان چوری ہو گیا تھا، تاہم تاحال ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔ اس صورتحال پر اساتذہ، طلبہ اور شہریوں نے اسکول کی عمارت چھوڑ کر تھانے میں بیٹھ کر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا۔

احتجاج میں شریک اساتذہ اور شہریوں نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ چوری شدہ سامان فوری طور پر برآمد کیا جائے اور ذمہ دار ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔ مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر پولیس نے بروقت کارروائی نہ کی تو وہ انڈس ہائی وے پر دھرنا دے کر ٹریفک بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔

اساتذہ کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کا تحفظ اور سہولیات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے، چوری کے واقعات کے باعث بچوں کی تعلیم شدید متاثر ہو رہی ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔

مزید خبریں

Back to top button