سیفما سکھر چیپٹر کا سال 2026 کا پہلا مشاورتی اجلاس منعقد

سکھر (جانوڈاٹ پی کے) ساؤتھ ایشیا فری میڈیا ایسوسی ایشن (سیفما) سکھر چیپٹر کا سال 2026 کا پہلا مشاورتی اجلاس سکھر پریس کلب کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت سیفما سکھر چیپٹر کے صدر عبدالحمید کمبوہ نے کی جبکہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کی فیڈرل ایگزیکٹو کونسل کے رکن نصراللہ وسیر نے خصوصی شرکت کی۔

اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد جنرل سیکریٹری سیفما سکھر چیپٹر فیصل آرائیں نے کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ایجنڈے کے مطابق شرکاء کو اظہارِ خیال کا موقع دیا۔ اجلاس میں شریک عہدیداران اور اراکین ایگزیکٹو کمیٹی نے تنظیمی امور، مستقبل کی سرگرمیوں اور سیفما کو مزید مستحکم بنانے سے متعلق اپنی قیمتی آراء پیش کیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر سیفما سکھر چیپٹر عبدالحمید کمبوہ نے کہا کہ تنظیم کو مضبوط اور فعال بنانا ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیفما کے قائد لالہ اسد پٹھان نے جس اعتماد کے ساتھ یہ ذمہ داری سونپی ہے، انشاءاللہ وہ اور ان کی ٹیم اسے ان کی توقعات کے مطابق احسن طریقے سے نبھانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

اس موقع پر پی ایف یو جے کے ایف ای سی رکن نصراللہ وسیر نے سیفما سکھر چیپٹر کے نو منتخب عہدیداران اور ایگزیکٹو کمیٹی کے عزم کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداران کی لگن اور وابستگی دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ جلد ہی سیفما کی کارکردگی دیگر صحافیوں کو بھی اس تنظیم کا حصہ بننے پر آمادہ کرے گی۔

اجلاس میں نائب صدر فقیر مشتاق منگریو اور قاضی ضیاء الرحمن، فنانس سیکریٹری مسعود زیدی، جوائنٹ سیکریٹری عقیل قریشی، پریس سیکریٹری اورنگزیب ماکو، آفس سیکریٹری نسیم میمن جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین جے رام داس اور شنکر لال نے بھی شرکت کی۔

مشاورتی اجلاس کا بنیادی مقصد عمرہ کی ادائیگی کے بعد وطن واپسی پر پی ایف یو جے کے سیکریٹری فنانس لالہ اسد پٹھان اور سکھر کے صحافیوں کے وفد کے شاندار استقبال و خیرمقدمی پروگرام کے انعقاد سے متعلق امور پر مشاورت کرنا تھا۔ اجلاس میں خیرمقدمی تقریب کے انتظامات، پروگرام کی نوعیت اور دیگر اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شرکاء نے عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے صحافیوں کے وفد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ان کی باخیر و عافیت وطن واپسی کے لیے دعا بھی کی۔

مزید خبریں

Back to top button