ڈکی بھائی نے 10 ملین سبسکرائبرز کا سنگِ میل عبور کر لیا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان کے معروف یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی نے یوٹیوب پر 10 ملین سبسکرائبرز کا سنگِ میل عبور کر لیا ہے، جس کے بعد وہ ملک کے چند بڑے ڈیجیٹل کریئیٹرز میں شامل ہو گئے ہیں۔
فیملی ولاگز اور روستنگ ویڈیوز کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والے ڈکی بھائی حالیہ برسوں میں مختلف تنازعات کے باعث بھی خبروں کی زینت بنے۔ 16 اگست 2025 کو انہیں اہلیہ کے ہمراہ ملائیشیا میں ایک ایونٹ کے لیے روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے نے گرفتار کیا تھا، جہاں انہیں مبینہ طور پر تین ماہ قید کا سامنا کرنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق رہائی سے قبل ایک ایف آئی اے افسر کو بھاری رقم بھی ادا کی گئی۔
تمام تر مشکلات کے باوجود ڈکی بھائی نے یوٹیوب پر واپسی کرتے ہوئے ایک نیا ولاگ شیئر کیا، جس میں انہوں نے اپنی کامیابی اور 10 ملین سبسکرائبرز مکمل ہونے کا جشن منایا۔
ڈکی بھائی نے اس موقع پر تین گھنٹے طویل لائیو اسٹریم بھی کی، جو اس وقت تک جاری رہی جب تک ان کا چینل 10 ملین سبسکرائبرز کا ہدف حاصل نہ کر سکا۔
سات برسوں کے طویل سفر کے بعد یہ سنگِ میل حاصل کرنے پر انہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور مشکل وقت میں ساتھ دینے پر اپنی والدہ کا خصوصی طور پر ذکر کیا۔ فون کال کے دوران ڈکی بھائی کی والدہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 10 ملین سبسکرائبرز کا تصور ہی ناقابلِ یقین ہے، تاہم بیٹے کی خوشی ہی ان کی اصل خوشی ہے۔



