ٹھٹھہ شدید سردی کی لپیٹ میں، فصلوں کو نقصان، نمونیا سے تین بچے جاں بحق، تعلیمی اداروں میں تعطیلات کا مطالبہ

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن/ نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) ضلع ٹھٹھہ اس وقت شدید سردی کی لپیٹ میں ہے، جہاں سردی کی لہر اور اوس نے معمولاتِ زندگی کے ساتھ ساتھ زرعی شعبے کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔ گل مندا اور دیگر علاقوں میں اوس پڑنے کے باعث ٹماٹر سمیت مختلف سبزیوں کی فصلیں شدید نقصان کا شکار ہو گئی ہیں۔
دوسری جانب سخت سردی کے باعث گھوڑا باری کے قریب نمونیا کی بیماری نے سنگین صورت اختیار کر لی ہے، جہاں گزشتہ دنوں تین معصوم بچے جان کی بازی ہار گئے۔ ضلع بھر میں نمونیا، کھانسی، نزلہ، بخار، سینے کی جکڑن اور گلے کی بیماریوں میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
سرد موسم اور بڑھتی ہوئی بیماریوں کے پیش نظر ضلع ٹھٹھہ کی سماجی، مذہبی اور سیاسی جماعتوں، شہریوں اور بالخصوص بچوں کے والدین نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر تعلیم سید سردار شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بچوں کی صحت کے تحفظ کے لیے ضلع ٹھٹھہ کے تمام تعلیمی اداروں میں فوری طور پر تعطیلات کا اعلان کیا جائے۔



