افسران عوامی فلاح و ترقی کے لیے عملی اقدامات کریں، ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ

ٹھٹھہ (جانو/پی کے)نئے ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد ضلع کے تمام سرکاری محکموں کے افسران کے ساتھ تعارفی اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں ضلع کے اہم محکموں کے سربراہان اور افسران نے شرکت کی، جن میں ایس ایس پی فاروق احمد بجارانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون غلام دستگیر شیخ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر صفدر علی شاہ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اور دیگر محکموں کے افسران شامل تھے۔
اجلاس میں افسران نے اپنے محکموں کی ذمہ داریوں، کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں اور درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے تمام محکموں کا مشترکہ کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم ان کی اولین ترجیح ہیں اور ان شعبوں میں بہتری لانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
سرمد علی بھاگت نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں موجود رہیں، عوام سے براہِ راست رابطہ رکھیں اور مسائل کے حل کے لیے ذمہ داری اور ایمانداری سے کام کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر افسر جہاں بھی تعینات ہو، اپنی خدمات کے باعث علاقے کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مثبت کردار ادا کرے۔
اس موقع پر ایس ایس پی فاروق احمد بجارانی نے بتایا کہ ضلع ٹھٹھہ امن و امان کی صورتحال کے لحاظ سے مستحکم ہے اور معمولی جرائم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں جاری ہیں۔ تاہم، سماجی برائیوں جیسے گٹکا، ماوا اور کچا شراب ایک بڑا چیلنج ہیں، جن کی روک تھام کے لیے پولیس کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر مہم چلائی جا رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے اختتام پر تمام محکموں کے افسران پر زور دیا کہ وہ باہمی تعاون کے ساتھ کام کریں تاکہ ضلع ٹھٹھہ کو ترقی، امن اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے، اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انہیں مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔



