پاکستان نے صاف توانائی کو قومی ترجیح بنالیا، صدر آصف علی زرداری

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان نے صاف اور قابل تجدید توانائی کو قومی ترجیح بنا لیا ہے، اور آلودگی سے پاک توانائی کو جامع ترقی اور موسمیاتی اہداف کے حصول کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ممالک میں شامل ہے، اور حکومت کی پالیسی میں آلودگی سے پاک توانائی کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے 2030 تک 30 فیصد الیکٹرک گاڑیوں کے ہدف کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شدید سموگ اور فضائی آلودگی عوامی صحت کے لیے بڑا چیلنج ہیں، فضائی آلودگی کے سماجی اور معاشی اثرات تشویشناک ہیں، اور کم کاربن ترقی پاکستان کی قومی موسمیاتی پالیسی کا اہم ستون ہے۔ صدر نے مزید کہا کہ پاکستان کے توانائی مکس میں 35 فیصد صاف اور قابل تجدید توانائی شامل ہے۔
صدر نے واضح کیا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے توانائی کا مؤثر استعمال ناگزیر ہے، اور صاف توانائی نہ صرف ماحولیاتی بلکہ معاشی ضرورت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آلودگی سے پاک توانائی روزگار اور ٹیکنالوجی کی ترقی کا ذریعہ ہے، اور پاکستان قابل اعتماد اور پائیدار توانائی نظام کی تعمیر کے لیے پرعزم ہے۔
علاوہ ازیں صدر زرداری نے آسٹریلیا کے قومی دن پر گورنر جنرل اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ دوستانہ اور تعمیری تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی شراکت داری باہمی احترام اور مشترکہ جمہوری اقدار پر مبنی ہے، اور تجارت، سرمایہ کاری، اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون مزید فروغ پائے گا۔
صدر نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان امن، خوشحالی، موسمیاتی مزاحمت، اور جدت کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع موجود ہیں، اور اعلیٰ سطح کے روابط سے باہمی تفہیم مزید مضبوط ہوگی۔



