سکھر پولیس کا ڈرون آپریشن: باگرجی کچے میں 3 ڈاکو ہلاک، 25 زخمی

سکھر (جانوڈاٹ پی کے) سکھر پولیس نے باگرجی کچے کے علاقے میں ایک بڑے اور منظم آپریشن کے دوران ڈرون حملے کے ذریعے ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کی، جس میں 3 ڈاکو ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق آپریشن کی قیادت ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل نے خود کی اور ڈاکوؤں کے خلاف مؤثر حکمت عملی تیار کی۔ حکام نے بتایا کہ علاقے میں ڈاکو شہریوں کے لیے سنگین خطرہ بنے ہوئے تھے اور متعدد وارداتیں کر چکے تھے، جس پر فوری کارروائی کی گئی۔

پولیس نے مزید بتایا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے ڈاکوؤں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر غیر قانونی سامان بھی برآمد ہوا، جو علاقے میں جرائم کے لیے استعمال ہو رہا تھا۔

ایس ایس پی اظہر خان مغل نے شہریوں کو یقین دلایا کہ سکھر پولیس علاقے میں امن قائم رکھنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے اور مجرموں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ آپریشن کے بعد مقامی لوگوں نے پولیس کی مؤثر کارروائی کو سراہا اور امن قائم رکھنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

پولیس نے یہ بھی بتایا کہ باقی مفرور ڈاکوؤں کی تلاش کے لیے چھاپے اور دیگر آپریشنز جاری رہیں گے تاکہ علاقے میں مکمل صفائی ممکن بنائی جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button