بالائی علاقوں میں شدید برفباری، ہر طرف سفیدی چھا گئی، رابطے منقطع

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث ہر سو سفیدی چھا گئی ہے، جبکہ سردی کی شدت میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ برفباری کے بعد کیلاش سمیت مختلف علاقوں کے قدرتی مناظر مزید نکھر گئے ہیں۔
وادی نیلم میں ایک بار پھر ہلکی برفباری ہوئی، جبکہ گریس ویلی میں پانچ فٹ تک برف پڑنے کے باعث نظامِ زندگی بری طرح متاثر ہوا۔ شدید برفباری کے نتیجے میں لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے، بجلی کی فراہمی معطل رہی تاہم بحالی کا عمل جاری ہے۔ برف کے باعث گریس ویلی جانے والی سڑک بند کر دی گئی، جبکہ وادی لیپہ میں شدید برفباری کے سبب زمینی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو گیا۔
برفباری کے باعث پھنسے شہریوں کی مدد کے لیے پاک فوج کی جانب سے کامیاب ہیلی ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری رہا۔ طبی پیچیدگی میں مبتلا ایک مریضہ کو ہیلی ایمرجنسی کے ذریعے راولپنڈی کے ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اس کے علاوہ کوٹلی نکیال سڑک کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا، جبکہ پیر نسورہ میں متعدد خاندانوں کو ریسکیو کر کے خوراک اور دیگر امدادی اشیاء فراہم کی گئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارشوں اور برفباری کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں بارش اور برفباری متوقع ہے، جبکہ اسلام آباد، مری اور گلیات میں بھی موسم سرد اور مرطوب رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ شدید سردی کے باعث بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے گر گیا ہے۔ لیہہ میں پارہ منفی 14، استور، کالام اور نتھیا گلی میں منفی 9، پاراچنار اور قلات میں منفی 8 جبکہ گوپس میں منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔



