اسٹریٹ لائٹ کے کھمبے کے اندر سے بانس اُگ آیا، قدرت کا حیرت انگیز مظہر وائرل

بیجنگ (جانوڈاٹ پی کے) چین میں قدرت کے ایک حیرت انگیز اور غیر معمولی مظہر نے سوشل میڈیا صارفین کو حیران کر دیا ہے، جہاں ایک اسٹریٹ لائٹ کے دھاتی کھمبے کے اندر سے بانس کا پودا اُگ آیا۔ یہ انوکھا منظر چین کے صوبے ژی جیانگ کے ضلع شن چانگ میں دیکھا گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے اور دنیا بھر میں توجہ حاصل کر رہی ہے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسٹریٹ لائٹ کے کھمبے کے اندر سے سرسبز بانس کا پودا باہر کی جانب بڑھ رہا ہے، حالانکہ عام طور پر بانس کھلی زمین، مٹی اور دھوپ میں نشوونما پاتا ہے۔ تنگ، بند اور تاریک ماحول میں اس پودے کی افزائش نے قدرت کی لچک اور زندگی کی قوت کو ایک بار پھر اجاگر کر دیا ہے۔

ماہرین کے مطابق پودوں کی نشوونما کے لیے سورج کی روشنی، ہوا اور مناسب ماحول بنیادی عوامل سمجھے جاتے ہیں، تاہم اس بانس کے پودے نے ان سائنسی تصورات کو چیلنج کر دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر بانس کا بیج کسی طرح کھمبے کے اندر چلا گیا ہوگا اور نمی و سازگار حالات ملنے پر اس نے بڑھنا شروع کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹریٹ لائٹ کے کھمبے کی لمبائی تقریباً 6 میٹر جبکہ چوڑائی 4 سے 5 سینٹی میٹر ہے، جس میں بانس جیسے مضبوط اور تیزی سے بڑھنے والے پودے کا پروان چڑھنا نہایت حیران کن امر قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ قدرتی منظر اب مقامی افراد اور سیاحوں کے لیے بھی دلچسپی کا مرکز بن چکا ہے۔ لوگ اس انوکھے مظہر کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بنا رہے ہیں، جبکہ سوشل میڈیا صارفین اسے قدرت کا معجزہ، زندگی کی طاقت اور ماحولیاتی ہم آہنگی کی علامت قرار دے رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button