سکھر و روہڑی کے درمیان دریائے سندھ پر نئے پل کی منظوری، صاف پانی، سڑکوں اور پلوں سمیت اربوں کے میگا منصوبے منظور

سکھر (جانوڈاٹ پی کے)صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے سکھر اور روہڑی کے عوام کو ایک بڑی خوشخبری سناتے ہوئے دریائے سندھ پر سکھر اور روہڑی کے درمیان نئے پل کی تعمیر کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ صاف پینے کے پانی، سڑکوں، پلوں اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق اربوں روپے کے میگا ترقیاتی منصوبوں کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔
یہ اعلان پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ سے کراچی میں ان کی رہائش گاہ پر ہونے والی اہم ملاقات کے دوران کیا گیا، جس میں سکھر، روہڑی اور ضلع بھر کے عوامی مسائل، جاری ترقیاتی اسکیموں اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ سکھر بیراج اور لینس ڈاؤن پل بڑھتے ہوئے ٹریفک دباؤ کے باعث ناکافی ہو چکے ہیں، جس کے پیش نظر دریائے سندھ پر نئے پل کی تعمیر ناگزیر ہو چکی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت کے تعاون سے اس منصوبے پر جلد عملی کام کا آغاز کیا جائے گا۔
ملاقات کے دوران بتایا گیا کہ پنوعاقل کی سات یونین کونسلز میں سڑکوں کی تعمیر جبکہ کچے کے علاقوں میں ایک علاقے سے دوسرے علاقے تک آمد و رفت کے لیے نئے پلوں کی تعمیر کو ترجیح دی جا رہی ہے، جس سے دیہی آبادی کو سفری سہولیات میسر آئیں گی اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔
سید ناصر حسین شاہ نے مزید بتایا کہ روہڑی میں کروڑوں روپے کی لاگت سے قائم فلٹر پلانٹ منصوبہ اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور جلد ہی شہر کے بیشتر علاقوں کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی شروع کر دی جائے گی۔ اسی طرح سکھر کے لیے اربوں روپے کی لاگت سے نئے صاف پانی کے منصوبے پر بھی رواں سال کام شروع کیا جائے گا، جو شہریوں کے لیے بڑا ریلیف ثابت ہوگا۔
امن و امان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ اندرونِ سندھ خصوصاً کچے کے علاقوں میں امن و امان کی بحالی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکو کلچر کے خاتمے کے لیے سندھ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری ہیں، جن کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
اس موقع پر کراچی کے گل پلازہ سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ بھر میں فائر بریگیڈ اور ریسکیو اداروں کو جدید آلات سے لیس اور ہمہ وقت تیار رکھنا ناگزیر ہے، جبکہ بلدیاتی اداروں کے دائرہ اختیار میں آنے والے امور پر فوری اقدامات کیے جائیں گے۔
ملاقات میں پیپلز پارٹی سٹی روہڑی کے جنرل سیکریٹری عبدالخالق سولنگی بھی موجود تھے۔ آخر میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت اور ترقی کے مشن کے تحت سکھر و روہڑی سمیت سندھ بھر میں میگا ترقیاتی منصوبوں کو جلد عملی شکل دے گی۔



