کیلاش کولہی کے قتل نے پورے سندھ کو سوگوار کردیا،اسماعیل راہو،ڈاکٹر شام سندر،کرشنا کماری

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)صوبائی وزیر سندھ جامعات بورڈ محمد اسماعیل راہو، وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے اقلیتی امور ایم پی اے ڈاکٹر شام سندر ایڈوانی اور سابق سینیٹر کرشنا کماری نے بدین کے قریب گاؤں پیرو لاشاری میں بے دردی سے قتل کیے گئے کیلاش کولہی کے والد چیتن کولہی اور دیگر ورثاء سے ملاقات کر کے تعزیت اور دکھ کا اظہار کیا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر محمد اسماعیل راہو، معاونِ خصوصی برائے اقلیتی امور ڈاکٹر شام سندر ایڈوانی اور سابق سینیٹر کرشنا کماری نے کہا کہ کیلاش کا قتل ایک انتہائی افسوسناک واقعہ ہے جس نے پوری سندھ کو سوگوار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چند ہی دنوں میں ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ پرامن احتجاج ہر شہری کا جمہوری حق ہے انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزیرِ داخلہ ضیا لنجار اس معاملے پر خود نظر رکھے ہوئے ہیں اس موقع پر معاونِ خصوصی برائے اقلیتی امور ایم پی اے ڈاکٹر شام سندر ایڈوانی نے کہا کہ انسانی جان کی اہمیت بہت زیادہ ہے اور اس کا کوئی نعم البدل نہیں۔ انہوں نے کیلاش کولہی کے ورثاء کے لیے10لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اقلیتی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور قاتل کی گرفتاری سے لے کر سزا دلوانے تک مقتول کے ورثاء کے ساتھ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں کیلاش کے ورثاء خود کو تنہا نہ سمجھیں۔



