ھالا میں بدامنی کیخلاف عوامی اتحاد مٹیاری کے زیرِ اہتمام احتجاجی ریلی

ھالا(رپورٹ:امجد راجپوت/جانو ڈاٹ پی کے)ھالا میں بدامنی اور سماجی برائیوں کیخلاف عوامی اتحاد ضلع مٹیاری کے زیرِ اہتمام سروری پارک سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی،جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی درگاہ سرور نوح کے سامنے پہنچ کر احتجاجی مظاہرے میں تبدیل ہو گئی۔
احتجاجی ریلی میں عوامی اتحاد مٹیاری کے کنوینر فقیر محمد لاکو، عبدالرشید دیٹھو، سروری سرہان کے مرکزی رہنما مخدوم حسیب الزمان، مسلم لیگ (ن) کے نصیر احمد میمن، ہندو پنچایت کے رہنماؤں کے کے نارائن داس اور نند کمار سمیت تاجر رہنماؤں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ھالا شہر شدید بدامنی اور سماجی برائیوں کی لپیٹ میں ہے۔ شہر میں لوٹ مار اور ڈکیتیوں کے واقعات معمول بن چکے ہیں، جبکہ منشیات، جوا اور فحاشی کے اڈے سرعام چل رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس انتظامیہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے مبینہ طور پر منتھلیاں وصول کرنے میں مصروف ہے، جس کے باعث جرائم پیشہ عناصر بے خوف ہو کر وارداتیں کر رہے ہیں۔
مقررین نے خبردار کیا کہ اگر ھالا میں بدامنی اور سماجی برائیوں کا خاتمہ نہ کیا گیا تو 3 فروری کو آل پارٹیز کانفرنس بلا کر بھرپور احتجاج کا لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا کہ لٹے ہوئے شہریوں کا سامان واپس دلایا جائے اور شہر سے سماجی برائیوں کے تمام اڈے فوری طور پر بند کیے جائیں۔



