لاڑکانہ میں خسرہ بے قابو، ایک روز میں دو بچے جاں بحق

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو / نمائندہ جانوڈاٹ پی کے) لاڑکانہ کی تحصیل رتوڈیرو اور نواحی علاقوں میں خسرہ کی وبا خطرناک حد تک پھیل گئی ہے، جہاں ایک ہی روز میں خسرہ کے باعث دو بچے جاں بحق جبکہ متعدد بچے اس مرض میں مبتلا ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نوڈیرو میں خسرہ میں مبتلا 4 سالہ بچی نگہت میرانی جان کی بازی ہار گئی، جبکہ اس کی دو بہنیں شہلا اور پرہ بھی خسرہ میں مبتلا ہیں۔ دوسری جانب رتوڈیرو کے محلہ موٹن پور کے رہائشی 3 سالہ بچے گاہی جویو بھی خسرہ کے باعث جاں بحق ہو گیا۔
جاں بحق بچوں کے لواحقین کے مطابق ان کے گھروں میں اس سے قبل بھی دو بچے خسرہ کے مرض کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ورثاء کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگوائے گئے تھے، تاہم وہ مؤثر ثابت نہیں ہوئے۔
متاثرہ خاندانوں اور علاقہ مکینوں نے محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ خسرہ کی روک تھام کے لیے فوری اور ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔



