اسحاق ڈار کا بنگلہ دیشی وزیر خارجہ سے رابطہ، باہمی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ محمد توحید حسین سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق ٹیلی فونک رابطے کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی تعلقات، تجارت اور معاشی تعاون سمیت مختلف شعبہ جات میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ گفتگو کے دوران علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ مشترکہ مفادات اور علاقائی امن و خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے قریبی روابط برقرار رکھنے اور سفارتی سطح پر تعاون مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔



