امریکا: دہائیوں پرانی گمشدہ انگوٹھی اصل مالکن تک واپس پہنچ گئی

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)امریکا میں دہائیوں سے گمشدہ انگوٹھی بالآخر اپنی اصل مالکن تک پہنچا دی گئی۔ مقامی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست نیو جرسی کے ایک ساحل پر خزانے کی تلاش میں مصروف ایک شخص کو میٹل ڈیٹیکٹر کی مدد سے مٹی میں دبی ایک انگوٹھی ملی۔

نیو جرسی کے ساحلی علاقے بیلمر میں اینڈریو کیفر نامی شخص کو یہ انگوٹھی ملی، جس پر B.W. کندہ تھا۔ اینڈریو کیفر نے انگوٹھی کے مالک کا سراغ لگانے کا فیصلہ کیا اور مختلف ذرائع سے تحقیق کا آغاز کیا۔

انگوٹھی کے اصل مالک کی تلاش کے لیے انہوں نے نیبراسکا کے کریٹ ہائی اسکول سے رابطہ کیا، جہاں معلوم ہوا کہ B.W. سے مراد باربرا ویلاج ہیں، جو اسکول کی کلاس آف 1966 کی طالبہ رہ چکی ہیں۔

باربرا ویلاج کی بہن سینڈی ویلاج روش کا کہنا ہے کہ انہیں اب تک معلوم نہیں کہ یہ انگوٹھی نیو جرسی کے ساحل تک کیسے پہنچی۔ ان کے مطابق باربرا کچھ عرصے کے لیے بوسٹن میں ضرور مقیم رہی تھیں، تاہم انگوٹھی کا نیو جرسی تک پہنچنا آج بھی ایک معمہ ہے۔

یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بھی دلچسپی کا باعث بنا ہوا ہے، جہاں لوگ اینڈریو کیفر کی ایمانداری اور انگوٹھی کی واپسی کو سراہ رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button