کندھرا میں امن کے قیام کے لیے کٹپر برادری کا ہنگامی اجلاس

فقیر عقیل کٹپر کی قیادت میں معززین کا مشاورتی اجلاس، صبر و برداشت کا پیغام

سکھر(بیورورپورٹ)کندھرا کے علاقے کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے فقیر عقیل کٹپر کی جانب سے کٹپر برادری کی معزز شخصیات کا ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا، جس میں علاقے میں امن و امان کی صورتحال، حالیہ تنازع اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کچھ عرصہ قبل کٹپر اور جوئیہ برادری کے درمیان تصادم پیش آیا تھا، جو بعد ازاں خونی جھڑپ میں تبدیل ہو گیا۔ اس افسوسناک واقعے کے نتیجے میں کٹپر برادری کا ایک نوجوان جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوئے، جبکہ جوئیہ برادری کو کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں پہنچا۔ واقعے کے بعد کٹپر برادری میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا تھا اور بدلے کی فضا بن چکی تھی۔علاقے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے اور امن کی فضا بحال رکھنے کے لیے کٹپر برادری کے معززین نے ہنگامی اجلاس بلا کر مشاورت کی، جس میں تمام شرکاء نے امن و امان کے قیام کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں اور صبر و تحمل سے کام لینے پر زور دیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فقیر عقیل کٹپر نے کہا کہ کٹپر برادری اللہ تعالیٰ سے ڈرنے والی ہے اور حروں کے روحانی پیشوا حضرت پیر سائیں پاگارا کے احکامات کی پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امن کو پسند کرتے ہیں اور صبر کی تلقین کرتے ہیں، تاہم ہمارے صبر کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ صبر وہی لوگ کرتے ہیں جو بہادر ہوتے ہیں، کمزور لوگ صبر نہیں کر سکتے۔فقیر عقیل کٹپر نے مزید کہا کہ کٹپر برادری کی بہادری کی مثالیں تاریخ میں موجود ہیں، جن کا چرچا برصغیر سے لے کر انگریز سامراج کے دور تک ملتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم امن چاہتے ہیں لیکن اپنے وقار اور عزت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔اس ہنگامی اجلاس میں پنجاب سے لے کر کوئٹہ، لاڑکانہ سے لے کر کراچی تک کٹپر برادری کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور متفقہ طور پر اس عزم کا اظہار کیا کہ علاقے میں امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور کسی بھی اشتعال انگیزی سے گریز کیا جائے گا۔شرکاء نے حکومت اور انتظامیہ سے بھی مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے تاکہ انصاف کی فراہمی ممکن ہو اور علاقے میں مستقل امن قائم ہو سکے۔

مزید خبریں

Back to top button