پشاور: عوامی تنقید کے بعد خیبرپختونخوا منرل ڈویلپمنٹ کمپنی پر عملدرآمد روک دیا گیا

پشاور (جانوڈاٹ پی کے)خیبرپختونخوا حکومت نے عوامی تنقید اور ابہام کے بعد صوبے میں منرل ڈویلپمنٹ کمپنی کے قیام پر عملدرآمد روک دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں واضح کیا کہ صوبائی حکومت کا مقصد خیبرپختونخوا کے قدرتی وسائل کو عوام کے فائدے کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کرنا ہے اور غیرقانونی مائننگ اور مافیا کے خاتمے کے لیے معدنیات کے شعبے میں ایک سرکاری کمپنی قائم کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔

وزیراعلیٰ نے وضاحت کی کہ کابینہ میں پیش کیا جانے والا بل مائنز اینڈ منرل بل 2025 نہیں بلکہ خیبرپختونخوا منرل ڈویلپمنٹ کمپنی کے قیام سے متعلق تھا، تاہم عوام میں معدنیات کے حوالے سے پیدا ہونے والے شکوک و شبہات اور ابہام کے پیشِ نظر حکومت نے اس کمپنی اور متعلقہ قانون سازی کے عمل کو فی الحال روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ عوام کا اعتماد حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی فیصلے پر آگے بڑھنے سے قبل تمام خدشات کا ازالہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل خیبرپختونخوا کابینہ نے منرل ڈویلپمنٹ کمپنی بل کی منظوری دی تھی، جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button