پہاڑی و بالائی علاقوں میں برفانی تودے گرنے کا خدشہ، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے پہاڑی اور بالائی علاقوں میں برفانی تودے گرنے کے خطرے کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ای او سی کی جانب سے 23 تا 29 جنوری کے دوران ملک کے مختلف حصوں کے لیے موسم سے متعلق ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کے باعث آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران بالائی اور شمالی علاقوں میں مزید برفباری کا امکان ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری متوقع ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے پہاڑی اور شمالی اضلاع میں بھی برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، شمالی خیبرپختونخوا اور شمالی بلوچستان کے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد برفانی تودے گرنے کا خدشہ ہے۔

برفباری کے باعث پہاڑی علاقوں میں رابطہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے، جبکہ 24 جنوری کے بعد ملک کے بیشتر حصوں میں شدید سردی کی لہر متوقع ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ برفباری اور دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اور اگر سفر ناگزیر ہو تو احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔

ایڈوائزری میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے، ضروری مشینری اور وسائل کی بروقت دستیابی یقینی بنانے، جبکہ برف ہٹانے والی مشینری اور ریسپانس ٹیموں کو الرٹ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

این ای او سی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور ضروری معلومات متعلقہ اداروں تک بروقت پہنچائی جا رہی ہیں۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ موسمی صورتحال، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر کے لیے “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” موبائل ایپ سے رہنمائی حاصل کریں۔

مزید خبریں

Back to top button