بھارت:قتل کے جرم میں قید سابق ماڈل کو جیل میں محبت مل گئی،عدالت نے شادی کیلئے 15 دن کی رہائی دیدی

راجستھان(جانوڈاٹ پی کے)بھارتی ریاست راجستھان کی ایک جیل کی سلاخوں کے پیچھے قتل کے سزا یافتہ قیدیوں کے درمیان پروان پڑھنے والی محبت کی انوکھی کہانی نے جنم لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق قتل کے سنگین جرم میں قید کاٹنے والی پریا عرف نیہا سیٹھ کو جیل میں ایک اور قتل کے مجرم ہنومان پرساد سے محبت ہوگئی۔
یہ محبت جو پہلے دوستی تک محدود تھی۔ جیل میں اتنی مقبولیت پائی تھی کہ عملے کو بھی ہار ماننی پڑی تھی۔ دونوں مجرم شادی کے بندھن میں بندھنا چاہتے تھے۔
جس کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا اور عدالت نے بھی دونوں قیدیوں کی محبت کو دیکھتے ہوئے شادی کے لیے 15 روزہ ایمرجنسی پیرول پر رہا کردیا۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں پولیس نے بتایا کہ دونوں کی ملاقات تقریباً چھ ماہ قبل جیل میں ہوئی تھی جہاں سے بات چیت کا سلسلہ شروع ہوا جو محبت میں تبدیل ہوگیا۔
یاد رہے کہ پریا سیٹھ ایک سابق ماڈل رہ چکی ہیں اور وہ 2018 میں ایک نوجوان دشینت شرما کے اغوا اور قتل کے کیس میں عمر قید کی سزا کاٹ رہی ہیں۔
اس کیس میں تاوان کی سازش کے بعد قتل کیا گیا اور لاش کو سوٹ کیس میں بند کر کے پہاڑی علاقے میں پھینک دیا گیا تھا۔ وہ اس وقت سانگانیَر اوپن جیل میں قید ہیں۔
دوسری طرف ہنومان پرساد 2017 کے ایک ہولناک قتل کیس میں سزا یافتہ ہے۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے اپنی گرل فرینڈ کے کہنے پر اس کے شوہر اور چار بچوں کو بے دردی سے قتل کیا۔



