مری شدید برفباری کی لپیٹ میں، سیاح پھنس گئے، بجلی اور رابطے بھی معطل

مری(جانوڈاٹ پی کے)مری میں شدید برفباری کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا، رابطہ سڑکیں بند ، مواصلاتی نظام اور ٹریفک بری طرح متاثر ہے۔

مری میں 24 گھنٹوں سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ 2 فٹ کے قریب برفباری پڑنے سے نظام زندگی متاثر ہو گیا جبکہ بجلی کا طویل بریک ڈاؤن بھی جاری ہے۔

مری میں مسلسل برفباری سے متعدد رابطہ سڑکیں برف سے ڈھک گئیں اور سیاحوں کا داخلہ تاحال بند ہے۔

جھیکا گلی کی ایم آئی ٹی روڈ برفباری کے بعد بند پڑی ہے اور کچھ گاڑیاں وہاں پھنس کر رہ گئی ہیں۔

راولپنڈی، اسلام آباد سے مری میں مزید گاڑیوں کا داخلہ بند کردیا گیا ہے۔

کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک کا کہنا ہے مسلسل برفباری کے باعث رابطوں میں دشواری کا سامنا ہے، تاہم ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122 کے ساتھ ساتھ پاک فوج کے جوان امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برفباری میں پھنسے سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کررہے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب صورتحال کی خود نگرانی کررہی ہیں، سیاحوں سے اپیل ہے غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

واضح رہے کہ مری میں برفباری کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹے تک جاری رہنےکا امکان ہے۔

مزید خبریں

Back to top button