امن کمیٹی کے سربراہ نور عالم محسود کے گھر پر شادی کی تقریب کے دوران دھماکہ، 5 افراد جاں بحق،10 زخمی

ڈی آئی خان(جانوڈاٹ پی کے)خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں قریشی موڑ کے قریب امن کمیٹی کے سربراہ نور عالم محسود کے گھر میں شادی کے تقریب کے دوران دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو1122 خیبرپختونخوا کے ترجمان بلال احمد فیضی نے بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں قریشی موڑ کے قریب مبینہ دھماکے کی اطلاع  پرریسکیو1122 کی 7 ایمبولینسز، فائر ویکل اور ڈیزاسٹر ویکل نے موقع پر امدادی کاروائیاں شروع کیں۔

انہوں نے بتایا کہ ریسکیو1122 نے اب تک 5 افراد کے جسد خاکی اور 10 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈی پی او صاحبزادہ سجاد احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکا امن کمیٹی کے رہنماؤں کے گھر میں منعقدہ شادی کی تقریب میں ہوا، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

ڈی پی او نے بتایا کہ خودکش حملہ آور کا سر مل گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں امن کمیٹی کے ممبر نور عالم محسود کے گھر میں خودکش دھماکا ہوا اور اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر روانہ کردی گئی۔

پولیس نے بتایا کہ خودکش دھماکے کے وقت گھر میں شادی کی تقریب جاری تھی اور دھماکے میں بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

ڈیرہ پولیس نے بتایا کہ دھماکا کے وقت امن کمیٹی کے متعدد ارکان موجود تھے اور ابتدائی طور پر 5 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔

آر پی او ڈیرہ سید اشفاق انور نے بتایا کہ شادی کی تقریب کے دوران دھماکا ہوا اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ڈی آئی خان میں بم دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے دھماکے پر آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کی اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور سیکیورٹی اداروں کو واقعے کی فوری تحقیقات اور ذمہ داروں کی نشان دہی کی ہدایت کردی۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے، ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، صوبائی حکومت شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے شہدا کی درجات بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

مزید خبریں

Back to top button