ٹرمپ کی دھمکیاں:گرین لینڈ حکومت کی شہریوں کو اشیائے خوردونوش اور دیگر ضروری سامان ذخیرہ کرنے کی ہدایت

ڈنمارک (جانوڈاٹ پی کے)گرین لینڈ کی حکومت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں کے پیش نظر عوام کو اشیائے خوردونوش، پانی اور دیگر ضروری سامان ذخیرہ کرنے کا مشورہ دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بارہا گرین لینڈ پر کنٹرول حاصل کرنے کی بات کی ہے اور عسکری قوت سے قبضہ کے حوالے سے دھمکی آمیز زبان استعمال کی ہے جس سے گرین لینڈ میں امن اور سلامتی کے خدشات پیدا ہوئے ہیں۔
اس تناظر میں گرین لینڈ کی حکومت نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی خطرناک حالات سے نمٹنے کیلئے اپنے پاس روزمرہ ضروری اشیا کو فی الحال کم از کم 5 دن کیلئے جمع کرلیں۔
گرین لینڈ حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کم از کم پانچ دن کے کھانے اور پانی کا ذخیرہ رکھیں، تین لیٹر پانی فی فرد روزانہ کی مقدار محفوظ کریں، کھانے کیلئے کین فوڈز، خشک گوشت، مچھلی اور دودھ وغیرہ رکھیں۔
اس کے علاوہ اپنے پاس بیٹری سے چلنے والا ریڈیو، ٹارچ اور ضروری دوائیں وغیرہ بھی اپنے پاس رکھیں۔
علاوہ ازیں مقامی ضروریات کے پیش نظر شکار اور ماہی گیری کے سامان بھی اپنے پاس محفوظ رکھیں۔
حکومت نے کہا ہے یہ ایک بحران کے حالات کے لئے تیار رہنے کی احتیاطی تدبیر ہے کیونکہ ہر ممکن صورتحال کے لئے تیاری ضروری ہے۔
گرین لینڈ کے وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ اگرچہ کسی حملے کا امکان بہت کم ہے، لیکن مکمل طور پر نا ممکن قرار نہیں دیا جا سکتا۔



