غزہ بورڈ آف پیس میں پاکستان کی شمولیت پر عوام کا بھرپور خیرمقدم

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پاکستانی عوام نے فلسطین میں امن اور استحکام کے لیے غزہ بورڈ آف پیس میں پاکستان کی شمولیت کو خوش آئند قرار دے دیا۔

غزہ بورڈ آف پیس میں پاکستان کی شمولیت خطے میں پائیدار امن اور خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کی کوششوں کو تقویت دے گی۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر امن و امان کے قیام اور فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات کی ہمیشہ بھرپور حمایت کی ہے۔

اس حوالے سے شہری نے کہا کہ غزہ بورڈ آف پیس سے فلسطین میں امن و استحکام اور ترقی آئے گی، غزہ میں امن کے لیے پاکستان نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے غزہ میں امن کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔

ایک شہری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی وجہ سے اسلامی دنیا بیدار ہوئی اور پاکستانی حکومت کو نڈر اور بہادر قرار دیا جا رہا ہے، غزہ بورڈ آف پیس سے فلسطین کی آزاد اور خود مختار ریاست کے قیام اور ترقی کی راہ بھی ہموار ہوگی۔

ایک اور شہری کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن اور خوشحالی کے لیے عالمی سطح پر مؤثر کردار ادا کیا ہے، پاکستان کی اہمیت اس قدر بڑھ چکی ہے کہ دنیا ہمیں غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت دے رہی ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ چاہے مسئلہ کشمیر ہو یا مسئلہ فلسطین تمام تنازعات پر اصولی اور ٹھوس مؤقف اپنایا ہے۔

شہری کا کہنا تھا کہ بطور مسلمان غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی خدمت کرنے کا دیرینہ خواب بھی پورا ہو رہا ہے، یہ قوم کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ پاکستان اسلامی دنیا کیلئے ایک مرکزی کی حیثیت رکھتا ہے، مملکت خداداد پاکستان دنیا میں امن کی خواہاں اور فلسطینیوں کی امید کا آخری سہارا ہے۔

پاکستانی شہریوں نے مظلوم فلسطینیوں کے لیے حکومتی اقدامات کی بھرپور اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

مزید خبریں

Back to top button