تھرپارکر میں آٹے کی قیمتیں بے قابو،انتظامیہ کے چھاپے،منافع خوروں پر جرمانے

مٹھی(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)تھرپارکر کے ضلعی ہیڈکوارٹر مٹھی سمیت اسلام کوٹ، چھاچھرو، ڈپلو اور دیگر علاقوں میں آٹا مل مالکان اور دکانداروں کی جانب سے آٹے کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے باعث عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔

صورتحال کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جگیرانی کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر مٹھی عمیر اشرف، اسسٹنٹ کمشنر ڈپلو بھگوان داس، اسسٹنٹ کمشنر اسلام کوٹ فرحان، اسسٹنٹ کمشنر چھاچھرو عثمان خاصخیلی اور دیگر تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے مختلف بازاروں کا اچانک دورہ کیا۔

دورے کے دوران آٹا ملوں، راشن کی دکانوں، بیکریوں، سبزی و پھل فروشوں اور جنرل اسٹورز کا معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر خریداری کے لیے آئے شہریوں سے بھی قیمتوں کے بارے میں استفسار کیا گیا۔ زائد نرخ وصول کرنے والے دکانداروں پر موقع پر ہی جرمانے عائد کیے گئے۔

انتظامیہ نے تمام تاجروں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ سرکاری نرخنامے کے مطابق اشیاء فروخت کریں، بصورت دیگر منافع خوری میں ملوث افراد کے خلاف مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق ضلع کے مختلف علاقوں میں آٹا 1350 روپے فی تھیلا فروخت ہو رہا ہے، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button