لاڑکانہ میں کھلی کچہری عوامی بے بسی کی تصویر بن گئی،شہری وزیر کے پیر پڑ گیا

لاڑکانہ(رپورٹ:احسان جونیجو/جانو ڈاٹ پی کے)وزیر اعلی سندھ کی ہدایات پر لاڑکانہ میں منعقدہ کھلی کچہری عوامی بے بسی کی تصویر بن گئی، ایک شہری وزیر کے پیر پڑ گیا، لاڑکانہ کے بیگم نصرت بھٹو ہال میں کھلی کچہری منعقد ہوئی جس کی صدارت صوبائی وزیر اینٹی کرپشن، سپورٹس اور ایگریکلچر سردار محمد بخش مہر نے کی جبکہ ایم پی اے لاڑکانہ جمیل احمد سومرو، میئر، ڈسٹرکٹ کونسل چیئرمین، ضلع و پولیس انتظامیہ اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے، کھلی کچہری میں شہریوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی ناقص کارکردگی، شہر کی بدترین صفائی، ابلتے گٹروں اور کھلے نالوں سے بچوں کی اموات پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا، افسوسناک منظر اس وقت سامنے آیا جب جان لیوا کھلے گٹروں پر سوال اٹھانے پر ایم پی اے جمیل سومرو ایک پی پی کارکن پر برہم ہو گئے اور اسے صرف سوال کرنے تک محدود رہنے کا مشورہ دیا، کھلی کچہری کا سب سے شرمناک لمحہ وہ تھا جب ایک مجبور ڈرائیور اپنی کئی ماہ کی تنخواہیں نا ملنے پر اپنے مسائل کے حل کے لیے صوبائی وزیر کے سامنے ہاتھ باندھ کر اپنی ٹوپی کے ساتھ پیر پڑ گیا اور ہاتھ چوم کر فریاد کرتا رہا، صوبائی وزیر نے تمام شکایات کنندہ کو یہ کہہ کر چلتے بنے کہ یہ مسائل مقامی انتظامیہ کے حوالے کئے ہیں وہ جلد انہیں حل کر دے گی! بعد میں کھلی کچہری میں آئے شہری مایوس ہوکر واپس لوٹ گئے.

مزید خبریں

Back to top button