سکھر:بس سے اترتے وقت پاؤں پھسل گیا،محنت کش نوجوان کوچ کے نیچے آ کر جان کی بازی ہار گیا

سکھر(جانوڈاٹ پی کے) بس ٹرمینل کے قریب کوچ کے نیچے آکر نوجوان جاں بحق، سکھر کے بس ٹرمینل کے قریب ایک افسوسناک حادثے میں نوجوان کوچ کے نیچے آکر جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق متوفی نوجوان کی شناخت مختیار چاچڑ کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مختیار چاچڑ بس ٹرمینل کے اطراف گاڑیوں میں روزمرہ استعمال کی اشیاء فروخت کر کے اپنے اہلِ خانہ کا رزق کماتا تھا۔حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ ایک کوچ سے اتر رہا تھا کہ اچانک اس کا پاؤں پھسل گیا، جس کے باعث وہ کوچ کے نیچے آگیا اور موقع پر ہی شدید زخمی ہوگیا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور متوفی کی نعش تحویل میں لے کر سول اسپتال سکھر منتقل کی، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔واقعے کے بعد بس ٹرمینل میں کچھ دیر کے لیے خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ متوفی کے لواحقین اسپتال پہنچنے پر غم سے نڈھال ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ بظاہر حادثہ معلوم ہوتا ہے تاہم مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button