وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی بل گیٹس سے ملاقات، صحت اور پائیدار ترقی میں تعاون پر اتفاق

ڈیووس(جانوڈاٹ پی کے)سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے 26ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مائیکروسافٹ کے بانی اور گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران پاکستان میں جاری اصلاحاتی عمل اور صحت کے شعبے کی ترجیحات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ نے پاکستان میں گیٹس فاؤنڈیشن کی دیرینہ معاونت کو سراہتے ہوئے بالخصوص پولیو کے خاتمے میں اس کے اہم کردار پر شکریہ ادا کیا۔ صحتِ عامہ کے چیلنجز سے نمٹنے اور طبی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل تعاون کو بھی قابلِ قدر قرار دیا گیا۔

بل گیٹس نے اس موقع پر پاکستان میں گیٹس فاؤنڈیشن کی جاری اور آئندہ سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

بل گیٹس  نے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے مسلسل کوششوں کی اہمیت پر زور  دیا اور کہا کہ مؤثر ٹیکس نظام طویل المدتی معاشی خود انحصاری کیلئے نہایت اہم ہے۔

ملاقات میں صحت کے شعبے میں تعاون کے مزید امکانات پر بھی بات چیت ہوئی، مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری اور سپلائی چین کو مضبوط بنانے کے امور شامل تھے۔

ملاقات میں متعلقہ وزارتوں اور شراکت داروں کے ساتھ مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، وزیرخزانہ اور بل گیٹس نے آئندہ برسوں میں قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

باہمی اعتماد، مشترکہ اہداف اور جامع ترقی کیلئے مضبوط شراکت داری پر اتفاق کیا ۔

مزید خبریں

Back to top button