ھالا: تعلقہ اسپتال میں ادویات اور ڈاکٹروں کی کمی پر جدوجہد کمیٹی کا شدید احتجاج

ھالا (رپورٹ:امجد راجپوت)ھالا میں جدوجہد کمیٹی کی جانب سے تعلقہ اسپتال میں ادویات اور ڈاکٹروں کی کمی کے باعث صحت کی سہولیات نہ ملنے کے خلاف اسپتال کے مرکزی گیٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں مختلف تنظیموں کے رہنماؤں شفیع محمد بروہی، عبدالرشید دیٹھو، بہار سہتو، سلمان لغاری، مصری کوکر، سید منور شاہ، عابد شاہانی، حافظ شکیل احمد کاکا اور دیگر نے شرکت کی۔

مظاہرین نے اسپتال انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ تعلقہ اسپتال ہالا قومی شاہراہ کے قریب واقع ہونے کے باعث چوبیس گھنٹے ایمرجنسی کیسز آتے ہیں، مگر اسپتال میں بنیادی صحت کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے کئی غریب اور نادار مریض بروقت علاج نہ ملنے کے باعث تڑپ تڑپ کر جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ اسپتال میں تعینات عملہ اپنی ڈیوٹی اسپتال کے بجائے بااثر افراد کی رہائش گاہوں پر انجام دے رہا ہے جبکہ متعدد ملازمین بیرون ملک ویزوں پر گئے ہوئے ہیں۔ مظاہرین کے مطابق اسپتال کا بجٹ جعلی واؤچرز کے ذریعے ہڑپ کیا جا رہا ہے اور من پسند کمپنیوں سے غیر معیاری ادویات خرید کر کروڑوں روپے کی کرپشن کی گئی ہے۔

مظاہرین نے مزید کہا کہ اسپتال میں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر مریضوں کو اسپتال سے ادویات فراہم کرنے کے بجائے نجی میڈیکل اسٹورز کی مہنگی دوائیں لکھ کر دے رہے ہیں، جس کے باعث غریب اور مستحق افراد علاج جیسی بنیادی سہولت سے بھی محروم ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ تعلقہ اسپتال ہالا میں فوری طور پر مکمل صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں اور بند پڑے وارڈز کو فعال بنایا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button