امریکی صدر نے غزہ’’بورڈ آف پیس‘‘کا باقاعدہ اعلان کر دیا،وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی دستخط کردیئے
فیلڈ مارشل سید عاصم منیربھی دستخط کرنے کی تقریب میں شریک تھے

ڈیوس(جانو ڈاٹ پی کے)امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ’’بورڈ آف پیس‘‘کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر کوئی اس بورڈ کا حصہ بننا چاہتا ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی غزہ ’بورڈ آف پیس‘ معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔سوئٹزر لینڈ کے شہر ڈیووس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ غزہ بورڈ آف پیس پر اقوام متحدہ سمیت دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔صدر ٹرمپ کی جانب سے بورڈ کے باضابطہ اجرا کے بعد رُکن ممالک کے سربراہان اور نمائندوں نے اس معاہدے پر فرداً فرداً دستخط کیے۔پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی معاہدے پر دستخط کیے اور اس دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی تقریب میں موجود تھے۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بورڈ میں دُنیا کے مختلف ممالک کے کئی ذہین رہنما شریک ہیں اور وہ اُمید کرتے ہیں کہ وہ مل کر غزہ میں امن کی کوششوں کو آگے بڑھائیں گے۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ غزہ بورڈ آف پیس میں شامل ہونے والے ہر ملک کے شکر گزار ہیں۔



