ڈیووس:وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر ورلڈ اکنامک فورم میں عالمی توجہ کا مرکز

ڈیووس(جانوڈاٹ پی کے)عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی شرکت نے عالمی رہنماؤں کی خصوصی توجہ حاصل کر لی۔
سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں جاری فورم کے دوران وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے مختلف ممالک کے سربراہان اور اعلیٰ عالمی شخصیات سے غیر رسمی، خوشگوار اور بامقصد ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعاون، علاقائی استحکام اور عالمی اقتصادی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقاتیں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف، امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو اور سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ہوئیں۔
ان ملاقاتوں کے دوران باہمی گرمجوشی، مسکراہٹوں کے تبادلے اور مثبت سفارتی ماحول نمایاں رہا، جسے عالمی مبصرین نے پاکستان کے فعال اور متوازن سفارتی کردار کی عکاسی قرار دیا۔
وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عالمی اقتصادی فورم سے خصوصی خطاب میں بھی شرکت کی، جس میں عالمی معیشت اور مستقبل کے چیلنجز پر گفتگو کی گئی۔



